خیبرپختونخوا کو ملکی اورعالمی سطح پر سیاحت کا مرکز بنائیں گے، محمود خان

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبے کو ملکی اور عالمی سطح پر سیاحت کا مرکز بنائیں گے۔

14 اگست یوم آزادی کی مناسبت سے پولیس لائن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ پوری قوم خصوصاً خیبر پختونخوا کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدو جہد اور بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا ہے جس کی سلامتی اور تعمیر و ترقی اس ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جس مقصد کے لئے ہمارے اسلاف نے پاکستان بنایا تھا موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران کی قیادت میں پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے مصروف عمل ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے جس طرح سے خیبر پختونخوا کو امن کا گہوارہ بنایا ہے اسی طرح ہم اس صوبے کو ملکی اور عالمی سطح پر سیاحت کا مرکز بنائیں گے جس کے لئے پہلے ہی سے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔

درین اثنا وزیر اعلیٰ نے پولیس شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا اورفاتحہ خوانی کی۔

صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی، معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش اور پشاور سے تعلق رکھنے والے ممبران صوبائی اسمبلی کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، کمشنر پشاور، سی سی پی او پشاور اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.